Monday, December 26, 2022

Mansubat e Kawakib منسوباتِ کواکب (Affinities of the planets)

 


از۔شیخ الروحانیات صوفی محمد عمران رضوی القادری

الاوفاق۲؎

منسوباتِ کواکب

زحل یہ سیارہ نحس اکبر ہے  کی ساعت میں دشمنوں کو برباد کرنا، دشمن کے کاموں کو باندھنا ، بغض و عداوت کے کام کرنا ، دشمن پر بیماریاں مسلط کرانا ، دشمن کو قید کرانا ، مخالفین میں فتنہ و فساد ڈالنا یہ سب اور اس قسم کے امور کے لئے زحل کی ساعت کا انتخاب کرنا چاہئے لیکن بعض اوقات زحل کی ساعت میں نہایت اچھے کام بھی کئے جاتے ہیں مثلا زمین جائیداد کی حفاظت کے طلسم بنانا ، گھر مکان و دکان کی حفاظت اور کسی بھی شئے میں استحکام درکار ہو تو زحل کی نیک ساعت سے فائدہ اٹھانا چاہئے

مشتری یہ سیارہ سعد اکبر ہے یہ اپنی طبیعت اور خاصیت کے لحاظ سے زحل کا عطف ہے جتنا زحل نحس اتنا ہی مشتری سعد ہے ،حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ جناب عیسیٰ علیٰ نبینا و علیہ الصلاۃ والتسلیم کی روحانیت مشتری سیارہ سے ملی ہوئی تھی،اس سیارے کی ساعت میں تمام تر امور خیر سر انجام دینا چاہئے ، اس کی ساعت میں دولت و ثروت کے اعمال و نقوش کئے جائیں ، دلی مرادوں کے برآنے اور ہر قسم کی سعادت کے حصول کے واسطے تعویذ لکھے جائیں ، امراء حکام اور مذہبی پیشواوں کا قرب حاصل کرنے کے لئے اعمال کئے جایئں ، ترقی رزق،رفع افلاس،دفع تنگ دستی ،شفاء امراض وغیرہ وغیرہ امور میں مشتری کی ساعت اور اس کی روحانیت سے فائدہ اٹھانا چاہئے

مریخ یہ سیارہ نحس اصغر ہے یعنی اس کی نحوست زحل سے کم درجہ کی ہے لیکن یہ ہے بڑا خونخوار ،اس کی ساعت میں دشمنوں کے درمیان جھگڑے فساد بھڑکانے کے اعمال و نقوش کئے جائیں ، دشمن کی ہلاکت اور تباہی و بربادی کا سامان اسی کی ساعت میں کرنا چاہئے ، دو مرد و عورت کے درمیان اگر ناجائز تعلق ہو تو مریخ کی ساعت میں جدائی کا عمل یا نقش کرنا بہتر ہے ، مخالفین پر فتحیاب ہونے اور ان کا خانہ خراب کرنے کے لئے مریخ بڑا بے رحم ثابت ہوا ہے ، دعائے سیفی کا عامل اگر مریخ کو حکم دیتا ہے تو یہ اجابت میں ایک آن بھر بھی دیر نہی کرتا اور دشمنوں پر قہر بن کے ٹوٹ پڑتا ہے ، اس کی ساعت میں قوت باہ  اور مردانہ امراض سے شفاءکے طلسم و تعویذات بھی تیار ہوتے ہیں

شمس یہ سیارہ سعد ہے اسے نیئرِ اعظم بھی کہتے ہیں اور یہ شہینشاہِ فلک بھی ہے   ، اس کی ساعت میں تسخیرِ خلائق ،تسخیرِ امراء و سلاطین ، بلندی درجات و مراتب ، رعب و دبدبہ کے لئے اعمال و نقوش و طلسمات تیار کرنے چاہئے ، شمس تمام سیاروں کا بادشاہ ہے  اس کی روحانیت ہر اس عمل  یا تعویذ میں سرایت کرتی ہے جس کا تعلق مذکورہ بالا امور سے ہو لہذا چاہئے کہ ان امور میں حسبِ منشاء کامیابی کے لئے شمس کی ساعت اور اس کی روحانیت سے فائدہ اٹھانا چاہئے

زہرہ یہ سیارہ سعد اصغر ہے کہتے ہیں ہاروت و ماروت جس اسم اعظم کو پڑھ کر آسمان پر واپس چلے جاتے تھے ،ان سے اسم اعظم جاننے کے بعد زہرہ نامی عورت نے پڑھا تو وہ آسمان پر چڑھ گئی اور وہ زہرہ سیارہ بن گئی ،اور بعض نے کہا کہ اس عورت کی روح اسم اعظم پڑھنے سے فلکِ سوم تک بلند ہوئی اور زہرہ سیارہ میں سما گئی  یہ دوسری بات واقعہ سے زیادہ قریب معلوم ہوتی ہے واللہ اعلم ، زہرہ کی ساعت میں حب و تسخیرِ قلب ،محبت و مودت ،تسخیرِ مستورات ، پسند کی شادی ، حاضری مطلوب، حسن و بصورتی ،محبتِ زوجین ، آپسی بھائی چارہ اور قبولِ عام وغیرہ کے نقوش و اعمال و طلسمات کرنا چاہئے

عطارد یہ سیارہ سعد ہے اس کی روحانیت سے اہل علم و اہلِ قلم خوب مستفید ہوتے ہیں اس کی ساعت میں ترقی علم ، قوتِ حافظہ ، فصاحت و بلاغت ، فہم و زکاء ، قوتِ فکر ، امتحانات میں کامیابی کے نقوش و اعمال و تعویذات و طلسمات کرنا چاہئے اس کے علاوہ عطارد کی روحانیت دفع جادو سحر کے اعمال و نقوش میں خوب سرایت کرتی ہے لہذا ہر قسم کے جادو ٹونے ٹوٹکے کی کاٹ اور علاج کے لئے عطارد کی ساعت میں اعمال و نقوش تیار کریں

قمر یہ سارہ سعد ہے اسے نیئر اصغر بھی کہتے ہیں یہ زمین کے سب سے زیادہ قریب ہے اس لئے اس کی روحانیت عالمِ سفلی میں جلد جلد سرایت کرتی ہے ، بیماری سے شفاء یابی ، اعضائے بدن کو درست ہونا ، صحت و تندرستی کا عود کر آنا ،ہر قسم کی خوف اور وحشت سے امان ، حسد و نظرِبد کا توڑ ، آفات و بلیات سے حفاظت ،دفع آسیب و شیاطین و جنات ، گھر مکان دوکان سے نحوست کا خاتمہ کرنا وغیرہ ان سب امور کے لئے قمر کی روحانیت اور اس کی ساعت سے فائدہ اٹھانا چاہئے

 

 

Featured Post

AL AUFAAQ (Vol-14) الاوفاق

Book Your Copy Now +91-9883021668